کراچی کے مصروف علاقے عائشہ منزل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چار مسلح ملزمان ایک شہری سے تین قربانی کے دنبے اور رکشہ چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں متاثرہ شہری کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا اور اس کا مقدمہ تھانہ عزیزآباد میں متاثرہ شہری راشد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق راشد تین دنبے فروخت کرنے لے کر گیا تھا، لیکن فروخت نہ ہونے پر واپس ایف سی ایریا اپنے گھر جا رہا تھا۔ جب وہ عائشہ منزل کے قریب پہنچا تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے روک کر اسلحے کے زور پر رکشہ اور دنبے چھین لیے اور فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔واقعے نے قربانی کے ایام کے دوران شہریوں کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں، جب کہ متاثرہ شخص کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر عوام کی ہمدردیاں سمیٹ لی ہیں۔ شہریوں نے پولیس اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔