’مشن امپاسیبل‘ سیریز کی 30 سالہ تکمیل پر ٹام کروز کا جذباتی پیغام، نایاب تصاویر شیئر

’مشن امپاسیبل‘ سیریز کی 30 سالہ تکمیل پر ٹام کروز کا جذباتی پیغام، نایاب تصاویر شیئر

ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ ایکشن فلم سیریز مشن: امپاسیبل کی آٹھویں قسط Mission: Impossible – Dead Reckoning Part Two (جسے اب The Final Reckoning کہا جا رہا ہے) دنیا بھر کے سینما گھروں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔

 اس اہم موقع پر فلم کے مرکزی اداکار اور پروڈیوسر ٹام کروز نے سیریز کے 30 سال مکمل ہونے پر مداحوں سے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔ٹام کروز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر سیریز کے تین دہائیوں پر محیط سفر کو یاد کرتے ہوئے 20 نایاب تصاویر جاری کیں۔ ان تصاویر میں فلم کے مختلف سیٹس، خطرناک اسٹنٹس اور فطرت کی چار طاقتوں — زمین، پانی، فضا، اور آگ — سے کروز کے مقابلے کی جھلکیاں شامل ہیں۔ٹام کروز نے اپنے پیغام میں لکھا:"30 سال قبل، میں نے اپنی پہلی فلم مشن امپاسیبل کو پروڈیوس کرنے کا آغاز کیا۔ آج آٹھویں فلم کی ریلیز کے موقع پر، میں بے حد شکر گزار ہوں کہ یہ سفر مجھے ایک ناقابلِ فراموش مقام پر لے آیا ہے۔"انہوں نے تمام ہدایت کاروں، اداکاروں، تخلیقی ٹیموں اور ٹیکنیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:"یہ سب کچھ ان لوگوں کے بغیر ممکن نہ ہوتا جنہوں نے پردے کے آگے اور پیچھے محنت کی۔ ان سب کے ساتھ کام کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔"
ٹام کروز نے مداحوں کا بھی خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:"ہم یہ فلمیں آپ کے لیے بناتے ہیں — اور یہ سب کچھ آپ کے لیے ہی کرتے ہیں۔ آپ کی حمایت اور محبت ہمارے لیے سب کچھ ہے۔"یاد رہے کہ مشن: امپاسیبل کی پہلی فلم 1996 میں ریلیز ہوئی تھی، اور تب سے یہ فرنچائز ہالی ووڈ کی کامیاب ترین ایکشن سیریز میں سے ایک بن چکی ہے، جس میں ٹام کروز نے ایجنٹ ایتھن ہنٹ کا مشہور کردار ادا کیا ہے۔ نئی فلم کو سیریز کا آخری حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں شاندار ایکشن، ہائی وولٹیج اسٹنٹس اور جذباتی اختتام شامل ہے۔