صدر مملکت آصف علی زرداری سے ثمینہ خالد گھرکی، عارف خان اور ذکا اشرف کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو
گورنر ہاؤس لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے قومی اسمبلی کی رکن ثمینہ خالد گھرکی، پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی کارکن عارف خان اور سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، جمہوری عمل کے فروغ، اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت پاکستان کی قومی شناخت کا بنیادی ستون ہے، جسے مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اقدار، قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت جمہوری عمل کی بنیاد ہیں، اور ان اصولوں کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جمہوری قوتوں کو متحد ہو کر عوامی مسائل کے حل، اداروں کے استحکام اور آئین کی پاسداری کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اور سیاسی کارکن عوام سے قریبی رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ثمینہ خالد گھرکی نے صدر کو اپنے حلقے میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ صدر مملکت نے ان تجاویز کو سراہا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان پر پیشرفت کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں قومی مفاد میں سیاسی مشاورت کے سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔