وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عدلیہ اور انتظامیہ کے مابین مربوط کوششوں کی اہمیت پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے اہم نکات
سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چیف جسٹس نے انصاف تک رسائی میں بہتری، عدالتی نظام کی جدید کاری، اور ٹیکس سے متعلق مقدمات کی درجہ بندی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔چیف جسٹس نے ٹیکنالوجی کی بنیاد پر اصلاحات کے ذریعے سروس کی فراہمی میں بہتری اور متبادل تنازعات کے حل (ADR) کے نظام کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ یہ نظام خاص طور پر ٹیکس سے متعلق تنازعات کے جلد حل کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
عدالتی تربیت اور تعاون
چیف جسٹس نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ جوڈیشل اکیڈمی میں عدالتی افسران اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے اراکین کے لیے تربیتی سیشنز جاری ہیں، اور جلد مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے افسران کے لیے بھی تربیت کا آغاز کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے عدلیہ کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کرتے ہوئے عدالتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل کی بروقت فراہمی میں حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔