گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انور نے اہم ملاقات کی، جس میں بندرگاہی انفراسٹرکچر، شپنگ اور ماہی گیری کے شعبے کی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ کراچی کی بندرگاہیں ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں جنہیں جدید اور موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملکی معاشی ترقی کو تیز کیا جا سکے۔وفاقی وزیر جنید انور نے کراچی میں پاکستان بزنس کونسل فورم کا دورہ بھی کیا جہاں سمندری تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کا کردار معیشت میں بہت اہمیت کا حامل ہے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کا فوری حل تلاش کیا جائے گا۔ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو تقویت دی جائے گی۔
جنید انور نے مزید کہا کہ پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے بحری امور کے حوالے سے دی گئی تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات چیت کی گئی ہے تاکہ تیزی سے پیش رفت ہو سکے۔یہ ملاقات ملکی سمندری تجارت اور ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی گئی ہے جس سے سندھ کی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا اور ملک کی سمندری حدود سے بھرپور استفادہ ممکن ہو سکے گا۔