اپوزیشن جماعتوں کا حکومت مخالف اتحاد کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ، تحریک تحفظ آئین سندھ میں متحرک

پی ٹی آئی اڈیا لہ جیل سامنے دھرنے کی تیاری 
پی ٹی آئی پنجاب کا اجلاس،بانی سے ملاقاتوں پر پابندی کی مذمت ، اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا ایجنڈا چیئرمین اور مرکزی کور کمیٹی سے شیئر کیا جائے گا،، تین روزہ دورے کے دوران گرینڈ الائنس اتحاد کیلئے اہم ملاقاتیں شیڈول
لاہور ، اسلام آباد (کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک اور صوبائی صدر حماد اظہر کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا۔اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کی شدید مذمت کی گئی۔اڈیالہ جیل میں عمران خان پر حکومت کی طرف سے بے جا سختیوں کی بھی مذمت کی گئی۔اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی طرف سے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔پی ٹی آئی پنجاب اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا ایجنڈا چیئرمین اور مرکزی کور کمیٹی سے شیئر کرے گی۔پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں اور ورکروں کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔جعلی حکومت کو پی ٹی آئی پر کئے جانے والے ہر ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔عالیہ حمزہ ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور ورکروں کے گھروں پر چھاپے اور چادر چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی مذمت کرتی ہوں۔فارم 47 کی جعلی حکومت نے عوام کو ذہنی غلام بنا دیا۔موجودہ حکومت نے عوام پر ٹیکسوں اور یوٹیلیٹی بلز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔صوبائی قائم مقام صدر پی ٹی آئی حماد اظہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکروں پر جعلی حکومت کی طرف سے درج کی گئیں جھوٹی ایف آئی آرز کی مذمت کرتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت مخالف اتحاد کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سندھ روانہ ہوگئی، تین روزہ دورے کے دوران گرینڈ الائنس اتحاد کیلئے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔اپوزیشن الائنس جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کرے گا، اپوزیشن رہنما جئے سندھ کے سربراہ ایاز پلیجو سے حیدرآباد میں ملاقات کریں گے۔وفد میں محمود اچکزئی، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، اخونزادہ حسین ، بی این پی مینگل اور ایم ڈبلیو ایم سے رہنما شریک ہوں گے۔اپوزیشن رہنماؤں کے وفد میں سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ بھی شامل ہیں، دورے کے دوران بزنس کمیونٹی اور بار ایسوسی ایشنز کے ارکان سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔وفد پی ٹی آئی کراچی کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرے گا، اپوزیشن رہنما صحافی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔