نسبت روڈ پرگوالمنڈی میں ٹرانسفارمر خراب ،شہری سراپا احتجاج
لاہور ( کرائم رپورٹر )گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی طلب بھی بڑھنے لگی ،لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے شہر میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار، بجلی کا شارٹ فال بھی 400 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا،لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب بڑھ کر 3750 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ سٹیشن سے لیسکو کو 3350 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ شارٹ فال بڑھنے اور تکنیکی خرابیوں پر رضوان گارڈن، نسبت روڈ، ہربنس پورہ،بہاولپور روڈ،مزنگ، چوبرجی ،ڈھولنوال ،مصطفی آباد ،گلبرگ، اچھرہ،شاہ جمال ، فاضلیہ کالونی، مسلم ٹائون اوردیگرعلاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔بجلی کی باربار ٹرپنگ، گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمرز جلنے پر شہریوں کا سخت گرمی میں جینامحال بناہواہے ، نسبت روڈ پرگوالمنڈی میں ٹرانسفارمر رات سے خراب ہونے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ہائی لاسز فیڈرز پر تین سے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ گرمی میں ٹرپنگ کم ہو ،سٹاف کو وافر سامان مہیا کیا گیا ہے، ٹرانسفارمر جل جائے تو بجلی بحالی میں چند گھنٹے لگتے ہیں۔