عراق میں قیامت خیز ریت کا طوفان،ہزاروں افراد ہسپتال پہنچ گئے، ہوائی اڈے بند

 بغداد(آئی این پی ) عراق کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید ریت کے طوفان نے زندگی مفلوج کر دی، 3,700سے زائد افراد کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جب کہ بصرہ اور نجف کے ہوائی اڈے بند کر دئیے گئے۔ عراقی وزارت صحت کے مطابق ترجمان سیف البدر کے مطابق زیادہ تر مریضوں کو گردوغبار کے باعث سانس کی تکالیف کا سامنا ہوا، تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ہوا میں گرد اتنی شدید تھی کہ نظریں بمشکل ایک کلومیٹر سے آگے دیکھ سکتی تھیں۔ماہرین کے مطابق عراق میں ریت کے طوفان عام ہیں لیکن ماحولیاتی تبدیلی اور صحرئواں کے پھیلا ئوکے باعث ان کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے عراق کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پانچویں سب سے زیادہ کمزور ملک قرار دیا ہے۔