جب سچ سامنے لانے کی بات آئی تو پاکستان کے میڈیا نے وہ کردار ادا کیا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا
9 مئی کے واقعات محض احتجاج نہیں تھے بلکہ قومی اداروں پر حملے تھے:لاہور پریس کلب میں خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، لاہورپریس کلب اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے زیر اہتمام لاہورپریس کلب میں دفاع وطن اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا پاکستانی میڈیا نے جنگی حالات میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،جنگ کے دنوں میں پوری قوم کو متحد دیکھاجو سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے بات کرنا پسند نہیں کرتی تھیں ملک کی بقائکی بات آئی تو حکومت اور فوج کے پیچھے ان کو کھڑے دیکھا،اگر ہمیں اتحاد کا موقع ملا ہے تواب اس کوکھونا نہیں چاہیے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات محض احتجاج نہیں تھے بلکہ قومی اداروں پر حملے تھے۔ 29 چھاؤنیوں کو نشانہ بنایا گیا، اور میرے گھر کو بھی جلایا گیا۔ ایسی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور اداروں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم نے سائنسدانوں، افواج اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا درجہ دینے کی متفقہ قرارداد منظور کی ہے۔آخر میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جب سچ سامنے لانے کی بات آئی تو پاکستان کے میڈیا نے وہ کردار ادا کیا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری نے کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے جس تدبر اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ جذبہ قابل تحسین ہے۔