پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج سے حالات مزید خراب ، عوام پریشان ہیں لیکن حکمرانوں کو پرواہ ہی نہیں
پشاور(آئی این پی )پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے حکومت نے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا کرکے مایوس کیا، اب حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کے لیے حکومت کو لچک دکھانی چاہیے تھی، لیکن حکومت نے ڈیڈ لاک پیدا کر کے مایوس کیا، حکومت کے پاس ملک کو دہشت گردی اور معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ضد اور انا سے ملک نہیں چلتے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج سے حالات مزید خراب ہوں گے، ملک قرضوں میں ڈوبا ہے، عوام پریشان ہیں لیکن حکمرانوں کو پرواہ ہی نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے جان بوجھ کر مذاکرات ناکام بنائے، اپوزیشن نے مذاکرات کرکے اچھا کیا، حکومت ایکسپوز ہوگئی، اب حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔شوکت یوسفزئی نے کہا پہلے کہتے تھے پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کرتی، جب ہم مذاکرات کی طرف آئے تو حکومت بھاگ رہی ہے، تحریک انصاف کے مطالبات آئینی اور قانونی ہیں، حکومت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینی چاہیے، اور دہشت گردی ختم کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ شروع ہورہا ہے ، اپوزیشن کے مطالبات تسلیم ہونے تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔