پاکستان میں پہلا سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو و اور قومی بٹ کوائن والٹ قائم

یہ والٹ ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بنایا گیا ہے‘ پاکستان میں 40 ملین سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں
پاکستان ترقی کرنا چاہتا ہے، عالمی کمپنیاں  سرمایہ کاری کریں:وزیراعظم کے خصوصی معاون بلال بن ثاقب کی تقریب میں گفتگو

لاس ویگاس(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا بھی اعلان کر دیا۔سٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کا اعلان وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین، کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کیا، اعلان بٹ کوائن ویگاس 2025 کے دوران کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امن قائم کرنے اور کرپٹو اپنانے کے لیے امریکی صدر کی خدمات کو سراہا، تقریب کے دوران امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو بلال بن ثاقب نے امریکا میں پاکستان کی کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اپیل کی اور انہوں نے ایک قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔لاس ویگاس میں بٹ کوائن ویگاس 2025 کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ یہ والٹ ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے، حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں 40 ملین سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں اور پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں سے ایک ہے۔بلال بن ثاقب نے عالمی کرپٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان ترقی کرنا چاہتا ہے، عالمی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔