بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی قومی شاہراہ پر رات گئے شدید سیلابی ریلے نے ٹریفک مفلوج کر دیا۔
گنڈی عاشق کے مقام پر خشک ندی نالوں میں اچانک طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور مسافر کئی گھنٹوں تک محصور رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق پانی کی تیز لہریں گاڑیوں کے ٹائروں تک پہنچ گئی تھیں، جبکہ مسافر خوف اور پریشانی کے عالم میں گاڑیوں سے باہر نکل کر حالات کے بارے میں ایک دوسرے سے پوچھتے رہے۔متاثرہ مسافر غلام محمد نے بتایا کہ وہ پورے خاندان کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے، لیکن کھانے کے ذرائع ختم ہو گئے اور موبائل بیٹری بھی ڈاؤن ہے۔ ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو ڈاکٹر کے پاس لے جا رہی تھی اور راستہ بند ہونے کے باعث شدید پریشان ہیں۔ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں، بھاری مشینری اور بلڈوزرز کی مدد سے پانی نکالنے اور روڈ کھولنے کا کام جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دوپہر تک ٹریفک کی بحالی ممکن ہے، تاہم ابھی پانی کی سطح زیادہ ہے اور آمدورفت ناممکن ہے۔
تمام مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ بغیر تصدیق کے اس روٹ پر نہ نکلیں اور متبادل راستے استعمال کریں۔ یہ شاہراہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان اہم تجارتی و سفری راستہ ہے، جس کی بندش سے نقل و حمل اور روزمرہ کی تجارت متاثر ہوئی ہے۔حکام نے موسمیاتی پیشگوئی دیکھنے، خطرناک پانی والے علاقوں سے گریز کرنے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔