کراچی: ملیر ندی میں آنے والے سیلابی ریلے کے باعث زیر تعمیر شاہراہ بھٹو میں کئی فٹ چوڑا اور کئی فٹ گہرا شگاف پڑ گیا ہے۔
ملیرجام گوٹھ کے مقام پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔ ملیرندی میں آنے والے ریلے نے زیر تعمیر شاہراہ کو کاٹتے ہوئے دوسری جانب نکالا، جس سے شاہراہ بھٹو شدید متاثر ہوئی۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو کو جام گوٹھ ڈیم کے فرش پر تعمیر کیا گیا تھا، اور ڈیم کے فرش کو توڑے بغیر سڑک بنائی گئی، جس کی وجہ سے سیلابی پانی نے سڑک کو برداشت نہیں کیا اور پانی میں بہا دیا۔ شاہراہ کی تعمیر میں ملیر ندی کی بجری استعمال کی گئی، جس کے لیے ہزاروں ڈمپر بجری نکالی گئی اور ندی میں بڑے گڑھے پڑ گئے جو موہنجو دڑو کی یاد دلاتے ہیں۔
میمن گوٹھ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شاہراہ کے اطراف حفاظتی رسی باندھی اور کسی بھی غیر ضروری شخص کو سڑک پر آنے سے روکا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بھٹو اور نئے بند کی تعمیر نے ملیر ندی کے قدرتی راستے کو تنگ کر دیا، جس کے باعث سیلابی ریلے نے سڑک کو نقصان پہنچایا۔