رمضان المبارک میں دودھ اور دہی مہنگے، عوام پریشان

لاہور (آئی این پی)رمضان المبارک میں دودھ اور دہی کی مانگ میں اضافہ ہونے کے باعث قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا جبکہ برائلر مرغی کا گوشت مزید مہنگا ،انڈے سستے ہوگئے ۔مارکیٹ میں اچھی کوالٹی کا دودھ سرکاری ریٹ پر دستیاب نہیں ہے، حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی قیمت 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔ ڈیری فارمز نے گائے اور بھینس کے مکس دودھ کی قیمت 195 روپے فی کلو مقرر کی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہ دودھ 210 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے۔ اسی طرح سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دہی کی قیمت 200 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، مگر مارکیٹ میں اچھی کوالٹی کا دہی 250 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے۔ جبکہ برائلر گوشت کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انڈے سستے ہوگئے۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق برائلر گوشت 14 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا ،مرغی کے سرکاری نرخ 475 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔ زندہ مرغی کافارم ریٹ 300 روپے فی کلو جبکہ تھوک ریٹ 314 روپے اور پرچون ریٹ 328 روپے فی کلو ہے،لیکن مارکیٹ میں دکاندار صارفین سے زائدقیمت وصول کر رہے ہیں اور صافی گوشت 580 روپے فی کلو میں فروخت کررہے ہیں۔دوسری جانب فارمی انڈے مارکیٹ میں 10 روپے فی درجن سستے ہو گئے جس کے بعد فی درجن انڈوں کی قیمت 226 روپے ہو گئی جبکہ تھوک ریٹ کے مطابق ایک پیٹی انڈوں کی قیمت 6,660 روپے مقرر کی گئی ہے۔