آئی پی ایل 2026 کے آغاز سے قبل چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کم از کم دو ہفتوں کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔چنئی سپر کنگز نے اس حوالے سے آفیشل بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھونی پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ (کاف اسٹرین) کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ چنئی سپر کنگز کا پہلا میچ پیر 30 مارچ کو راجستھان رائلز کے خلاف کھیلا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ایس کے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا:“مہندر سنگھ دھونی اس وقت پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں، جس کے باعث وہ آئی پی ایل 2026 کے ابتدائی دو ہفتوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ جلد صحت یاب ہوں، تھالا!”چنئی سپر کنگز کے شیڈول کے مطابق دھونی کی عدم موجودگی میں ٹیم چار اہم میچز کھیلے گی۔ سی ایس کے 30 مارچ کو گوہاٹی میں راجستھان رائلز کے خلاف میدان میں اترے گی، جس کے بعد 3 اپریل کو پنجاب کنگز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر میچ ہوگا۔ اس کے بعد 5 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلورو اور 11 اپریل کو دہلی کیپٹلز کے خلاف مقابلہ شیڈول ہے۔
ان چار میچوں کے بعد چنئی سپر کنگز کا اگلا مقابلہ 14 اپریل کو کولکاتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف ہوگا۔ اگر دھونی کی انجری توقع کے مطابق ٹھیک نہ ہوئی تو وہ اس میچ سے بھی باہر رہ سکتے ہیں، جبکہ ان کی ممکنہ واپسی 18 اپریل کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ 44 سالہ مہندر سنگھ دھونی اپنی قیادت میں چنئی سپر کنگز کو پانچ بار آئی پی ایل کا چیمپئن بنا چکے ہیں، جبکہ وہ 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔