محکموں سے رقوم وصول کرنے کے بعد بھی بجلی کی فراہمی میں تاخیر عوامی وسائل کا ضیاع ہے:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اجلاس میں گفتگو
پشاور (آئی این پی) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے وفاق اپنے نظام کی خامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے انہیں دور کرے۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور توانائی سے متعلق امور پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، منصوبوں میں تاخیر اور عوامی مشکلات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زیر التوا 1638 کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی علاوہ ازیں انہوں ادائیگیوں کے باوجود کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور دیگر سامان کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ محکموں سے رقوم وصول کرنے کے بعد بھی بجلی کی فراہمی میں تاخیر عوامی وسائل کا ضیاع ہے، متعلقہ ادارے سیاسی ترجیحات نہیں، عوامی مفاد، انصاف اور میرٹ کو مقدم رکھیں۔