رباط: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے خلاف یادگار فتح کے بعد مراکش کے دفاعی کھلاڑی عیسیٰ دیوپ کا مختصر مگر ایمان افروز بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جسے دنیا بھر خصوصاً مسلم فٹبال شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عیسیٰ دیوپ نے کہا، "ہم مسلمان ہیں، ہم اس دنیا میں بہت تھوڑے وقت کے لیے آئے ہیں، ہر چیز اللہ کی ہے اور ہمیں ہر حال میں اسی کا شکر ادا کرنا چاہیے۔"ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین نے شیئر کیا، جبکہ متعدد افراد نے اسے عاجزی، شکرگزاری اور مضبوط ایمان کی خوبصورت مثال قرار دیا۔صارفین کا کہنا تھا کہ عیسیٰ دیوپ نے تاریخی کامیابی کے بعد اپنی کارکردگی یا ذاتی صلاحیتوں کو سراہنے کے بجائے فتح کا سہرا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کو دے کر ایک مثبت پیغام دیا، جو کھیل کے میدان میں اعلیٰ اخلاق اور انکساری کی عکاسی کرتا ہے۔واضح رہے کہ مراکش نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
مقررہ وقت اور اضافی وقت میں مقابلہ برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹیز پر ہوا، جہاں مراکش نے اعصاب شکن مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔اس تاریخی فتح کے بعد جہاں مراکش کے شاندار کھیل کو سراہا جا رہا ہے، وہیں عیسیٰ دیوپ کا مختصر مگر پراثر بیان بھی فٹبال حلقوں اور سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گیا ہے۔ بہت سے صارفین نے اسے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے موقع پر شکرگزاری اور عاجزی ہی حقیقی عظمت کی علامت ہے۔