رباط: مراکش کی خاتون فٹبالر فاتن بن عمر العزیزی اسپین کے خودمختار علاقے سیوٹا پہنچنے کی کوشش کے دوران سمندر میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئیں، جس کے بعد مراکش کے فٹبال حلقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاتن بن عمر العزیزی ماضی میں موغریب ایتلیٹیکو تطوان کی نمائندگی کر چکی تھیں اور ان کی اچانک وفات نے خصوصاً طنجہ کی فٹبال برادری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق وہ خطرناک سمندری راستے کے ذریعے اسپین کے علاقے سیوٹا پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم سفر کے دوران پیش آنے والے حادثے میں وہ ڈوب گئیں اور جانبر نہ ہو سکیں۔حالیہ عرصے میں شمالی مراکش سے سیوٹا کی جانب غیر قانونی ہجرت کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خراب موسمی حالات، تیز لہروں اور دیگر خطرات کے باعث متعدد افراد اس خطرناک سفر میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔فاتن بن عمر العزیزی کی وفات پر ان کے ساتھی کھلاڑیوں، دوستوں اور مراکش کی فٹبال برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں انہیں ایک محنتی، باصلاحیت اور خوش اخلاق کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔