پاکستانی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق سے منسوب ایک مبینہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس نے صارفین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس آڈیو کلپ کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس میں عماد وسیم، ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق، خاندان کے چند افراد اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ ہے۔ تاہم اس آڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی متعلقہ فریقین نے اس کی صداقت کی تصدیق یا تردید کی ہے۔وائرل آڈیو سے متعلق سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعوؤں کے مطابق ثانیہ اشفاق اپنے بچوں کے حوالے سے جذباتی انداز میں گفتگو کرتی سنائی دیتی ہیں، جبکہ مبینہ طور پر آڈیو میں بچوں کے رونے کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔ ان دعوؤں کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ثانیہ اشفاق کے حق میں ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ بعض صارفین نے آڈیو کی حقیقت سامنے آنے تک محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ عماد وسیم نے اپنے تین بچوں کی والدہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کے بعد نائلہ راجہ سے شادی کر لی تھی۔حال ہی میں عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر اپنے طلاق کے فیصلے پر بھی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی کا فیصلہ تھا اور اس کا ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ سے کوئی تعلق نہیں۔اب تک اس مبینہ آڈیو کلپ کے حوالے سے عماد وسیم، ثانیہ اشفاق یا متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ آڈیو کی صداقت بھی آزاد ذرائع سے ثابت نہیں ہو سکی ہے۔