کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے کہا ہے کہ پرتگال کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے 2026ء کا فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ٹیم کو معجزے کی ضرورت ہوگی۔
دانش تیمور نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پرتگال کی قومی ٹیم کی جرسی میں اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے ورلڈ کپ میں مختلف ٹیموں کی کارکردگی پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔اداکار نے لکھا کہ پہلے راؤنڈ کے بعد پانچ ٹیمیں سب سے زیادہ مضبوط نظر آ رہی ہیں، جن میں فرانس، انگلینڈ، برازیل، اسپین اور مراکش شامل ہیں۔انہوں نے ان ٹیموں کے کھیل کے انداز، نظم و ضبط اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ٹیمیں اپنی موجودہ فارم برقرار رکھتی ہیں تو انہی میں سے کوئی ایک ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کر سکتی ہے۔
پرتگال کے حوالے سے دانش تیمور نے لکھا کہ اگرچہ وہ چاہتے ہیں کہ پرتگال عالمی چیمپئن بنے، لیکن اب تک کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پرتگال کو ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا، بلکہ ان کے بقول ٹیم کو "ایک معجزے" کی بھی ضرورت ہے۔دانش تیمور نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ فٹبال کے شائقین شاید کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، لوکا موڈریچ، مینوئل نوئر اور نیمار جیسے عظیم کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر کا آخری فیفا ورلڈ کپ کھیلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔