اداکار دانش تیمور کا حالیہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جس پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا ہے۔
رمضان ٹرانسمیشن کے دوران دانش تیمور نے چار شادیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے، مگر وہ اس حق کا استعمال نہیں کر رہے کیونکہ یہ ان کی اہلیہ عائزہ خان کے ساتھ محبت اور احترام کی علامت ہے۔دانش تیمور نے اپنی بات چیت میں کہا، "آج میں یہ بات عائزہ کے ساتھ اور سب کے سامنے کہہ رہا ہوں مجھے اللہ نے چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور یہ میرا حق ہے جو مجھ سے کوئی چھین نہیں سکتا۔ لیکن میں ایسا نہیں کر رہا کیونکہ یہ میری عائزہ کیلئے محبت اور احترام ہے کہ فی الحال میں ان کے ساتھ ہوں۔"انہوں نے اس بیان کو بار بار دہرایا، جس میں انہوں نے کہا کہ بطور مرد اللہ نے انہیں چار بیویاں رکھنے کا حق دیا ہے، لیکن وہ اس پر عمل نہیں کر رہے کیونکہ وہ عائزہ خان کے ساتھ خوش ہیں۔
یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور مداحوں سمیت صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ دانش تیمور کا یہ بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا اور ان کے مداحوں کو ایسا بیان پسند نہیں آیا، خاص طور پر اس بات پر کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ اس طرح کی باتیں شیئر کر رہے ہیں۔اس بیان پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں، جہاں کچھ افراد نے اسے ذاتی رائے قرار دیا، تو بعض لوگوں نے اسے غیر مناسب اور متنازعہ قرار دیا ہے۔