لبرٹی : خواتین کیلئے نیا سکوٹی ڈرائیونگ سکول قائم

 مفت تربیت، خواتین کو خودمختار بنانے کا مشن جاری ہے:عبدالرحیم شیرازی 
 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے سلسلے میں لبرٹی مارکیٹ میں خواتین کے لیے نیا سکوٹی ڈرائیونگ سکول قائم کر دیا گیا ہے، جہاں خواتین کو کار کے ساتھ سکوٹی چلانے کی بھی تربیت دی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لبرٹی سکوٹی سکول میں مکمل طور پر وویمن ٹو وویمن سروس فراہم کی جائے گی تاکہ خواتین محفوظ اور دوستانہ ماحول میں ڈرائیونگ سیکھ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس اب تک 7 ہزار سے زائد خواتین کو سکوٹی اور کار چلانے کی تربیت فراہم کر چکی ہے، جبکہ شہر بھر میں خواتین کے لیے 12 ڈرائیونگ سکول قائم کیے جا چکے ہیں۔ ڈرائیونگ کورس کے دوران خواتین کو گاڑی اور سکوٹی کے الیکٹریکل اور مکینیکل امور سے متعلق بھی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ وویمن آن ویلز پراجیکٹ کے تحت خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی مفت تربیت دی جا رہی ہے تاکہ ان میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ معاشی و سماجی طور پر مزید خودمختار بن سکیں۔