پہلا ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ سکول قائم ، آئی جی کا دورہ

لاہور(کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے تحت ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے مناواں ٹریفک پولیس لائنز میں پاکستان کا اپنی نوعیت کا پہلا ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ سکول قائم کیا جا رہا ہے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مناواں ٹریفک لائنز میں زیر تعمیر ڈرائیونگ اسکول کا دورہ کیا اور سینئر افسران کے ہمراہ میٹنگ کی۔ اجلاس میں سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی ایس پی یو غازی صلاح الدین اور سیف سٹیز کی سی اے او ایس ایس پی عمارہ اطہر شریک ہوئیں۔ہیوی وہیکلز ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول میں بس، ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کو جدید سیمولیٹرز اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈرائیورز کو لیکچرز، کلاسز، عملی تربیت اور قوانین سے آگاہی کے بعد امتحان کے ذریعے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گیحکام کے مطابق سرٹیفائیڈ ٹریننگ سے مسافر بسوں اور ہیوی وہیکلز کے باعث ہونے والے حادثات میں نمایاں کمی ممکن ہوگی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مناواں ٹریفک لائنز میں نئے لائسنسنگ سنٹر، ایم ٹی سیکشن اور ڈائیونگ اسکول کا بھی جائزہ لیا جبکہ سی ٹی او لاہور نے انہیں مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔