صدر ڈویژن : جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے صدر ڈویڑن کے اینٹی کرائم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایس پی صدر، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں رواں ماہ انسدادِ جرائم کی کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس ایچ اوز کو سٹریٹ کرائم، جھپٹا مار وارداتوں اور موٹرسائیکل چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی، جبکہ ایس ایچ او چوہنگ اور ٹاؤن شپ کو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں غفلت یا اعداد و شمار میں مصنوعی کمی ہرگز قابل قبول نہیں۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی خود مانیٹر کرنے، ہاٹ سپاٹ علاقوں میں گشت بڑھانے، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں اور نجی ملازمین، کرایہ داروں اور سکیورٹی گارڈز کی رجسٹریشن ہر صورت یقینی بنائی جائے۔