محرم، موبائل فونز کی نگرانی کا فیصلہ
پنجاب میں پہلی بار سائبر پٹرولنگ اور فوری ریسپانس کی تعیناتی کا فیصلہ ، ایک لاکھ 10 ہزار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کریں گے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت ، تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی تبدیلی یقینی بنائی جائے، اویس لغاری ،مریم نواز 25 جون کو محرم سکیورٹی پلان کی حتمی منظوری د ینگی
لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)محرم الحرام کے دوران پنجاب میں پہلی بار سائبر پٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی بجلی کی بلا تعطل فراہمی جبکہ موبائل فونز کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دوران محرم ہر ضلع میں سپوکس پرسن مقررکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور افواہ سازی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار، خلاف ورزی پر پرچے اور سزائیں ہوں گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم میں پنجاب بھر میں ایک لاکھ 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ 38 ہزار 217 محرم مجالس کی سکیورٹی کے لیے 79 رینجر اہلکار بھی مدد کریں گے، دفعہ 144 نافذ ہوگی۔سیف سٹی کیمروں سے مکمل نگرانی ہوگی، شہریوں کی راہنمائی اور جلوس کے شرکا کی سہولت کے لیے واضح نشانات آویزاں ہوں گے۔ مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز، ڈی جی پی آر میں فیک نیوز کی نگرانی کا مرکز بنا دیا گیا۔ایک ہی ڈیزائن کی سبیلیں لگیں گی اور شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے اوقات میں تبدیلی کی بھی تجویز ہے۔داتا صاحب کے عرس سمیت جھنگ اور دیگر اضلاع میں مذہبی تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔خواتین پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران ذاتی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی ہوگی، سکیورٹی فورسز کے سوا اسلحہ پر مکمل پابندی ہوگی۔مریم نواز 25 جون کو محرم سکیورٹی پلان کی حتمی منظوری د ینگی ،وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ڈسکوز کے چیئرمین ، سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے کے لئے تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔ بیان کے مطا بق اویس لغاری نے کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔اویس لغاری نے ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دیتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورکو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے،محرم الحرام میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔