ویکسینیشن صرف ایک طبی اقدام نہیں بلکہ ہر والدین کا مذہبی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے:وزیر صحت
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے والدین اپنے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے نزدیکی ہیلتھ سینٹرز پر لے کر جائیں۔ ویکسینیشن صرف ایک طبی اقدام نہیں، بلکہ ہر والدین کا مذہبی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے ۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (ای پی آئی) کو درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی جی ای پی آئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے موجودہ ویکسینیشن پروگرام میں بہتری کی گنجائش ہے، جس کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے ملک بھر میں بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ایک جامع اور مؤثر حفاظتی مہم کی فوری منصوبہ بندی کی ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ویکسینیشن کوریج بڑھانے کے لیے گراس روٹ سطح پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کو باور کرایا جائے کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسینیشن سے محروم رکھ کر دراصل ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔