فراڈ کرنے والے3اشتہاری لاہور سے گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کی زیرِ نگرانی مفرور اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران وحدت کالونی پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تین لسٹڈ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ندیم، فیضان اور حق نواز شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے بعد طویل عرصے سے مفرور تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد اور لاہور میں مختلف مقدمات درج تھے۔ وحدت کالونی پولیس کی خصوصی ٹیم نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے بارے میں متعلقہ اضلاع کی پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے ایس ایچ او وحدت کالونی انسپکٹر اختر اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور کہا کہ لسٹڈ مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔