پاکستان کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، تاہم ان کی یہ انفرادی کامیابی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔
36 سالہ فخر زمان مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔انہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکن فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر چھکا لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ میچ سے قبل فخر زمان 99 چھکے لگا چکے تھے اور انہیں تاریخی سنگ میل تک پہنچنے کے لیے صرف ایک چھکے کی ضرورت تھی۔تاہم اس کامیابی کے بعد فخر زمان زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 12 رنز بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔دوسری جانب کوشال مینڈس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔