انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ، 2 اشتہاری لاہور سے گرفتار

 ڈولفن اہلکاروں نے ای پولیس ایپ پر ریکارڈ چیک کرکے ملزمان کو گرفتار کیا 
 دونوں تین سال سے لاہور میں روپوش تھے، متعلقہ تھانوں کے حوالے 
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن اسکواڈ نے بین الاضلاعی اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق اہلکاروں نے سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران مسعود اور عادل نامی مشکوک افراد کو روک کر ای پولیس ایپ پر ریکارڈ چیک کیا تو دونوں گوجرانوالہ اور سرگودھا میں ایف آئی اے پولیس کو مطلوب نکلے۔ گرفتار ملزمان انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ کے مقدمات میں مطلوب تھے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ تین سال سے لاہور میں روپوش تھے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مانگا منڈی اور تھانہ قلعہ گجر سنگھ کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کارروائی پر اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈائون مزید مئوثر بنانے کی ہدایت کی۔