ای چالان سے بچنے کی کوشش ناکام، ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان
لاہور (کرائم رپورٹر) ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ماہ جون کے دوران جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 71 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ بغیر نمبر پلیٹ یا "اپلائیڈ فار" نمبر کے ساتھ چلنے والی 7 ہزار 849 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ فینسی یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 4 ہزار 559 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ نمبر پلیٹس کو جان بوجھ کر ٹیڑھا، میڑھا، ٹوٹا ہوا رکھنے یا ماڈل چھپانے پر مزید 4 ہزار 579 گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔ مہم کے دوران 40 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر کار کو 3 ہزار جبکہ موٹرسائیکل کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے، جبکہ بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔