شناخت چھپانے کی اجازت نہیں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی جاری: فیصل کامران
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف پولیس کا بھرپور کریک ڈا ئون جاری ہے، جس کے دوران اب تک چار ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ جعلی نمبر پلیٹس کے ذریعے شناخت چھپانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ فیس بک لائیو سیشن کے ذریعے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیوں سے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں مدد ملی ہے اور قانون پسند شہری پولیس کے اقدامات کو سراہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرم چھوٹا ہو یا بڑا، جرم ہی ہوتا ہے اور قانون کی پاسداری سب پر لازم ہے۔ اس موقع پر شہریوں نے شادباغ میں جھگڑوں اور منشیات فروشی جبکہ کاہنہ میں آئس کی فروخت سے متعلق شکایات بھی پیش کیں، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ آئس نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات پر پیش رفت یقینی بنانے کے ساتھ عوامی تجاویز کی روشنی میں پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔