گاڑی سے سائلنسر غائب، تیزرفتاری اور صوتی آلودگی پر ٹریفک پولیس کی کارروائی
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس نے ڈیفنس فیز 6 میں تیزرفتاری، ڈرفٹنگ، روڈ ریج، صوتی آلودگی اور جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی ہشام لودھی کے مطابق فہد نامی نوجوان کی گاڑی کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کیا گیا تھا، جبکہ سائلنسر نکالے جانے کے باعث صوتی آلودگی بھی پیدا ہو رہی تھی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق نوجوان اکثر تیزرفتاری اور ڈرفٹنگ کرتا تھا اور کارروائی سے بچ نکلتا تھا۔ پولیس نے گاڑی سمیت ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ڈیفنس سی منتقل کر دیا، جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ڈرفٹنگ، روڈ ریج، جعلی نمبر پلیٹس، غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس کے استعمال کی اجازت نہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔