پاکستانی فری لانسرز نے 11 ماہ میں 1.6 ارب ڈالر کمالئے

 فری لانسنگ سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ 40 کروڑ ڈالر سے بڑھ گیا:چیئرمین ایسوسی ایشن
 کراچی(یواین پی) پاکستانی فری لانسرز نے ملکی معیشت کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ایک ارب 60 کروڑ ڈالر (1.6ارب ڈالر)سے زائد کا قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدنی کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ماہرین کے مطابق آئی ٹی اور فری لانسنگ کے شعبے میں ہونے والی یہ غیر معمولی پیش رفت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے تیزی سے فروغ کی عکاس ہے، جبکہ مناسب حکومتی سرپرستی اور جدید تربیت کی فراہمی سے آئندہ چند برسوں میں سالانہ 10 ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کرنے کا ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔فری لانسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ابراہیم امین نے بتایا کہ پاکستانی فری لانسرز ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2022 سے 2026 کے دوران فری لانسنگ سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ 40 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 1.6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کا واضح ثبوت ہے