پاکستان اور اٹلی میں 6.3 ارب روپے کے رعایتی قرضے کا معاہدہ

وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد حمیر کریم اور اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلین نے معاہدے پر دستخط کئے
 جدید اطالوی زرعی مہارت اور پاکستان کی وسیع زرعی استعداد سے فائدہ اٹھایا جائے گا:ترجمان وزارت اقتصادی امور
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان اور اٹلی کے درمیان 20 ملین یورو (6.3 ارب روپے)کے رعایتی قرضے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم اور اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلین نے معاہدے پر دستخط کیے، منصوبے کے تحت پاکستان کے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے نظام کو زرعی شعبے میں مضبوط بنایا جائے گا۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگراموں سے کسانوں اور توسیعی عملے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی، پروگرام کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ، پائیدار زرعی طریقے اور دیہی عوام کے معاشی حالات کو بہتر بنانا ہے۔ترجمان کے مطابق اعلیٰ اقدار کی حامل زرعی فصلوں کی ترقی اور زرعی و غذائی ویلیو چینز کو مضبوط بنایا جائے گا، باغبانی کی پیداوار، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کے لیے خصوصی تربیتی مراکز قائم ہوں گے، منصوبے کے تحت زیتون، پستہ، کھجور، مشروم، چیری، انگور، آڑو اور بادام جیسی فصلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔