مغربی لہر شام یا رات کو بالائی علاقوں میں داخل ہوگی، خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہواؤں کی آمد کا امکان
اسلام آباد (آن لائن) محکمہ موسمیات نے مون سون 2026 کے حوالے سے اپنی ابتدائی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے ملک میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق مختلف موسمی نظام فعال ہونے کے باعث ملک کے بالائی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل کو) شام اور رات سے ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جو بارشوں کے امکانات کو مزید تقویت دے گی۔ دوسری جانب بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس سے موسم میں نمی بڑھ رہی ہے۔پیش گوئی کے مطابق خلیج بنگال سے مرطوب ہواؤں کا نیا سلسلہ 2 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے بعد پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے