ایران کو اشتعال دلایا گیا تو بحرین پر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ حملہ کریں گے‘سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں:مشیر سپریم لیڈر
بعض اندرونی اور بیرونی عناصر ایران کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں:صدر مسعود پزشکیان کی مذہبی شخصیات سے ملاقات میں گفتگو
واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ اور ایران نے حالیہ کشیدگی کے بعد ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ۔امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینیئر امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے اور دونوں ممالک نے مذاکرات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکا اور ایران آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے کیلئے آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔دریں اثناء ایران نے بحرین کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے اگر اسے اشتعال دلایا گیا تو تہران بحرین پر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ حملہ کرے گا جبکہ خلیجی ملکوں کو مشترکہ سیکیورٹی نظام بنانے کی پیشکش بھی کی ہے ۔ ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بحرینی حکام کو سنجیدہ وارننگ دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی حدود کو پہچانیں، اپنی قسمت کے ساتھ ایسا کھیل نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔یران کے صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے بعض اندرونی اور بیرونی عناصر ایران کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ بات ایران کے مذہبی مرکز قم کے دورے کے دوران اعلی مذہبی شخصیات بشمول آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی سے ملاقات میں کہی، یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے تناظر میں حکومت کیلئے حمایت کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔آیت اللہ مکارم شیرازی کو جنگ کے بعد کی صورتحال اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے ملک کے اندر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے اندر اور باہر بعض حلقے قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور معاہدے کے عمل کو متاثر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔