پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک مضبوط اور خودمختار پارلیمان ہی امن، انصاف اور پائیدار ترقی کی ضامن ہوتی ہے۔
پارلیمان قوم کی آواز ہے:
بلاول کا کہنا تھا کہ پارلیمان محض اینٹوں اور پتھروں کی عمارت نہیں بلکہ عوامی امنگوں کی نمائندہ، امیدوں کی پناہ گاہ اور آزادیوں کی محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں گونجنے والی ہر آواز اس قوم کی قربانیوں اور جدوجہد کی عکاس ہے، جس میں وہ شہداء شامل ہیں جنہوں نے جمہوریت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
پارلیمان کی کمزوری، قوم کا نقصان:
چیئرمین پیپلز پارٹی نے یاد دلایا کہ پاکستان کی تاریخ یہ سبق دیتی ہے کہ جب بھی پارلیمان کو کمزور کیا گیا، عوام کو نقصان اٹھانا پڑا اور جب پارلیمان کو خاموش کیا گیا تو قوم کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی پارلیمان کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
تمام جمہوری قوتوں کو اتحاد کی دعوت:
بلاول بھٹو زرداری نے تمام جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی روایات کے دفاع اور پارلیمان کو قومی فیصلوں کے مرکز میں لانے کے لیے متحد ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بطور نوجوان جمہوریت پسند وہ پارلیمان کو مساوات، انصاف اور وقار کے خوابوں کو قانون کی شکل دینے کا ایوان سمجھتے ہیں۔
پارلیمان کا تحفظ مقدس فریضہ:
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم پارلیمان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پارلیمان صرف بحث و مباحثے کی جگہ نہیں بلکہ جمہوریت کا دھڑکتا ہوا دل ہے، جس کا تحفظ ہر محب وطن کا مقدس قومی فریضہ ہے۔