پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں امن، انصاف اور کشمیری عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ضرور رنگ لائیں گی۔
یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے سرینگر میں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء کے لہو نے کشمیری عوام کی جمہوری، سیاسی اور انسانی حقوق کی طویل جدوجہد کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف پارٹی کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بھی کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔