بیٹھ کر بات کرتے ہیں :شہباز شریف ،بیرسٹرگوہر کا مثبت ردعمل ،پارٹی مشاورت سے جواب دیں گے :اسدقیصر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کر دی،انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کہاکہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، مذاکرات ہی تمام چیزوں کا حل ہے، پہلے بھی آپ کو کہا ہے کہ بیٹھ کر بات کر لیں، بیرسٹر گوہر نے جواب میں مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ‘‘انشااللہ’’کہا۔ وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیش کش کر رکھی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا بیرسٹر گوہراوراسدقیصر کے درمیان مکالمہ مخصوص نشستوں کے فیصلے سے قبل ہوا، قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف اٹھ کر بیرسٹر گوہر اوراسدقیصر سے مصافحہ کرنے بھی آئے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مذاکرات ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور پارٹی مشاورت کے بعد ہی اس پر جواب دے گی۔ وزیراعظم نے اچانک مذاکرات کی بات کی ہے جس پر فوری ردعمل دینا ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی رہنمائوں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے ملاقات کر کے مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ اسد قیصر نے رانا ثنا اللہ کے مذاکرات کے حوالے سے بیان کو غیرسنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہم پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی معیشت میں استحکام کے حوالے سے بلوم برگ کی رپورٹ پر اظہارِ اطمینان کیا اورکہاکہ رپورٹ میں مختلف شعبوں میں اہم ادارہ جاتی اصلاحات ، عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ کامیاب معاہدے اور بروقت قرض کی ادائیگی کا اعتراف کیا گیا ہے جو کہ یقینی طور پر حکومتی معاشی صورتحال میں بہتری کا ثبوت ہے۔ شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ثالثی عدالتی فیصلے سے پاکستانی بیانیہ کو تقویت ملی ہے ، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، آبی وسائل پر کام کر رہے ہیں، پانی ہماری لائف لائن ہے۔