افغان حکومت دہشتگرد تنظیموں پرلگام ڈالے دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہیں: وزیراعظم
اب یہ برادر ہمسایہ ملک پر منحصر ہے کہ ہمسایے کے طور پر رہتا ہے یا تنازعات کے ساتھ،بیلا روس کادورہ نہایت کامیاب رہا، زراعت کے حوالے سے خصوصی تعاون کریگا، ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا،پاکستان میں اوورسیز کنونشن تاریخی قدم
نوازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کی خدمت کررہا ہوں ، تیزی سے ترقی کرتا پاکستان ہماری منزل ہے،لندن میںمیڈیاسے گفتگو، ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو سیستان میں دہشتگردی کاشکارہونیوالے پاکستانیوںکی میتوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہیں، برادر اسلامی ملک انہیں لگام ڈالے۔قائد مسلم لیگ( ن) میاں نواز شریف سے ملاقات کے لئے ایون فیلڈ لندن پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیلاروس کا دورہ نہایت ہی کامیاب رہا، وہاں کی فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کے حوالے سے مشینری بھی بیلا روس میں بنتی ہے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو معدنیات کے خزانے سے نوازا ہے، وہاں کی زراعت کی مہارت سے ہم بھی فائدہ اٹھائیں گے، بیلاروس زراعت کے حوالے سے خصوصی تعاون کرے گا، دورے کے دوران وہاں مختلف شعبوں کے افراد سے ہماری سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو بیلا روس میں روزگار ملے گا، میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کی خدمت کررہا ہوں ، تیزی سے ترقی کرتا پاکستان ہماری منزل ہے۔وزیر اعظم نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایران میں قتل ہونے والی مزدورں کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے حکام کو میتوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کی ہدایت کردی۔ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کررہی ہیں، افغان حکومت دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے، افغانستان برادر اور ہمسایہ ملک ہے، اب یہ افغانستان پر منحصر ہے کہ ہمسایے کے طور پر رہتا ہے یا تنازعات کے ساتھ۔شہباز شریف نے کہا کہ دوحہ معاہدہ تھا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، ہم نے افغان عبوری حکومت کو کئی بار اس حوالے سے پیغام بھی بھیجا ہے، پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اوورسیز کنونشن تاریخی قدم ہے، ہم سپر پاکستان سپیڈ سے قوم کی خدمت کررہے ہیں، اجتماعی کاوشوں، قوم کی دعاؤں اور شبانہ روز محنت سے کامیابی مل رہی ہے۔دریںاثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سزا دے۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے 8پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت و اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے، خطے میں موجود ممالک کو مل کر دہشتگردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے اور اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو ان کی میتوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔