میسی کے مداحوں کیلیے بری خبر، انٹر میامی ایم ایل ایس کپ پلے آف سے باہر

میسی کے مداحوں کیلیے بری خبر، انٹر میامی ایم ایل ایس کپ پلے آف سے باہر

کولمبس کریو نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیونل میسی کی ٹیم انٹر میامی کو 0-1 سے شکست دے کر ایم ایل ایس کپ پلے آف کے پہلے راؤنڈ سے باہر کردیا۔

 اس فتح کے ساتھ کولمبس کریو نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔جمعے کو کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ انٹر میامی اور کولمبس کریو کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔میچ کا فیصلہ کن لمحہ انجری ٹائم میں آیا، جب کھیل کے دوسرے اضافی منٹ میں مراکشی کھلاڑی انس زروزی نے شاندار کراس دیا، جس پر سینٹیاگو روڈریگز نے گیند کو جال میں پہنچا کر کولمبس کریو کو برتری دلا دی۔ اس گول کے بعد انٹر میامی کو مقابلے میں واپسی کا موقع نہ مل سکا۔

کولمبس کریو نے اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بھی انٹر میامی کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے شکست دی تھی۔ دوسرے مقابلے میں کامیابی کے بعد کولمبس نے سیریز اپنے نام کرتے ہوئے پلے آف کے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔دفاعی چیمپئن انٹر میامی کے لیے یہ شکست سیزن کا ایک اور بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔ لیونل میسی اور دیگر نامور کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود ٹیم حریف کے خلاف فیصلہ کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔میسی کے لیے بھی یہ مایوس کن نتیجہ ہے، کیونکہ تین سیزنز کے دوران دوسری مرتبہ ان کی ٹیم ایم ایل ایس کپ پلے آف کے ابتدائی مرحلے سے باہر ہوئی ہے۔