میسی کی انجری کا خدشہ، انٹر میامی میچ میں تکلیف کے باعث میدان سے باہر

میسی کی انجری کا خدشہ، انٹر میامی میچ میں تکلیف کے باعث میدان سے باہر

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ممکنہ انجری نے فٹبال مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

امریکی لیگ ایم ایل ایس کے ایک میچ میں انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کو کھیل کے دوران بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد انہوں نے خود ہی متبادل کی درخواست کی اور میدان چھوڑ دیا۔یہ واقعہ فلاڈلفیا یونین کے خلاف میچ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث گیلا میدان کھلاڑیوں کے لیے مزید مشکل ثابت ہوا۔میچ کے 73ویں منٹ میں میسی کو اپنی ٹانگ پکڑتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد انہیں احتیاطی طور پر باہر بلا لیا گیا۔ تاہم وہ ڈگ آؤٹ کی طرف معمول کے انداز میں چلتے ہوئے نظر آئے، جس سے ابتدائی طور پر صورتحال زیادہ سنگین نہیں سمجھی جا رہی۔

ٹیم کے کوچ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق انجری زیادہ خطرناک نہیں لگتی اور میسی کو احتیاط کے طور پر آرام دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خراب گراؤنڈ اور مسلسل کھیل کے باعث کھلاڑی تھکن کا شکار تھے، اس لیے کسی بھی بڑے خطرے سے بچنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔38 سالہ میسی کی مکمل فٹنس پر نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ شائقین ان کی جلد صحتیابی کے لیے پرامید ہیں۔