کسان اتحاد کا آئندہ سال گندم و کپاس کاشت نہ کرنے کا اعلان

 کپاس کے ریٹ پر کسان کے گھر صف ماتم بچھا ہوا ہے ،کوئی فصل ایسی نہیں جس میں کاشتکار نے کمایا ہو،خالد محمود 
ملتان(آئی این پی ) صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم بتا رہے ہیں اگلے سال گندم اور کپاس کاشت نہیں ہو گی، اسمبلیوں میں صرف لڑائیاں ہوتی ہیں کام نہیں ہوتا، پاکستان میں آئندہ کپاس نہیں ہو گی کیونکہ کپاس کے ریٹ پر کسان کے گھر صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوٹاش آج 10 ہزار روپے کی ہے۔ اور ہماری کاسٹ آف پروڈکشن کئی سو فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ جبکہ کپاس زرمبادلہ کمانے کا 65 فیصد ہے لیکن کاشتکار آج مایوس ہوچکا ہے۔ کوئی فصل ایسی نہیں جس میں کاشتکار نے کمایا ہو۔ گندم ہماری اہم ترین فصل ہے لیکن ہم بتا رہے ہیں اگلے سال گندم اور کپاس کاشت نہیں ہو گی۔خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کسانوں کا معاشی قتل میرا فیصلہ تھا۔ انہوں نے کاشتکاروں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔ ہمارے ملک میں فوڈ سکیورٹی دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران تنخواہیں بڑھانے کے لیے ایک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت سے خیرات نہیں چاہیے۔ بلکہ ہماری کاسٹ آف پروڈکش حکومت نکالے اور 25 فیصد منافع دے۔