سموگ کیخلاف7 نکاتی سٹریٹجک پلان پر عمل درآمد کا فیصلہ

شاہراہوں پر انڈسٹریل یونٹس اور انڈسٹریز کو انڈسٹریل اسٹیٹس میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی
لاہور  شہر کے اطراف میں جنگلات کا رنگ  بنانے کا پلان بھی تیار ‘وزیراعلی کو منصوبہ بھیج دیاگیا
پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے‘شہری احتیاط کریں:مریم اورنگزیب

  لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک اور شہر کے گرین کور کو بڑھانے کے لئے سات نکاتی اسٹریٹجک پلان پر عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا جبکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو سات نکاتی اسٹریٹیجک پلان ارسال کردیا گیا ہے۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر انڈسٹریل یونٹس اور انڈسٹریز کو انڈسٹریل اسٹیٹس میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی پلان میں شامل ہے۔ شہر کے اطراف میں جنگلات کا رنگ  بنانے کا پلان بھی مرتب کر لیا گیا۔ عوامی سطح پر گرین کور کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے موثرمہم چلانا ہوگی جبکہ ہاوسنگ سوسائیٹیزمیں پارکس اور گرین کورکم ازکم 7 فیصد تک لازمی رکھنا ہوگا۔ شہر کی پوٹینشل سائٹس پر جنگلات بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروکار لانا ہوں گے۔‘سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے  پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں، سموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔