ملک میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد؍ لاہو ر؍ پشاور(آئی این پی ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 24سے 48 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کردیا ہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے، سندھ کے کئی شہروں میں بھی شدید بارشوں کا امکان جبکہ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے حکام کا بتانا ہے کہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔بعض مقامات پر ہلکی جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش متوقع ہے، جس کے ساتھ ساتھ شدید حبس کی کیفیت بھی برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہریوں کو شدید حبس اور وقفے وقفے سے بارش کا سامنا ہو سکتا ہے۔ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یکم جولائی تک تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ ادھر خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ہنگامی الرٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان کے علاقوں میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔