بارشوں، ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے فلڈ مانیٹرنگ ٹیمیں الرٹ

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں مون سون بارشوں کے جاری سلسلے اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے رین اینڈ فلڈ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر بارشوں، ممکنہ اربن فلڈنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فلڈ مانیٹرنگ ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ رہیں گی۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے بارشوں کی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی کیمروں اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کی مدد سے نشیبی علاقوں، چوکنگ پوائنٹس اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ رین اینڈ فلڈ مانیٹرنگ سیل کی جانب سے رئیل ٹائم الرٹس ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں نکاسی آب کے عمل اور ٹریفک کی صورتحال پر بھی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سمارٹ سیف سٹی سنٹرز ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو بروقت معلومات اور اپ ڈیٹس فراہم کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت پیش آنے پر فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔