روحانی شخصیت حضرت عزیزالدین المعروف پیر مکیؒ کے مزار شریف پر سالانہ غسل مبارک کی روحانی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے مزار شریف کو غسل دیا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمان اور زونل ایڈمنسٹریٹر رانا احسان الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔غسل مبارک کی تقریب کے دوران محفلِ حمد و ثناء کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ اولیائے کرام نے دینِ اسلام کی ترویج اور معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مزارات کی اپ گریڈیشن کے منصوبے جاری ہیں تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔