مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دینے کی روح پرور اور ایمان افروز تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں خانہ کعبہ کے مقدس اندرونی حصے کو آبِ زم زم اور عرقِ گلاب سے دھویا گیا۔
یہ تقریب اسلامی دنیا کے لیے ایک عظیم روحانی لمحہ ہوتا ہے، جو ہر سال خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پر منعقد کی جاتی ہے۔ اس سال خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کے غسل کی رسم میں شرکت کی۔تقریب میں سعودی شاہی خاندان کے افراد، ائمہ حرمین شریفین، مختلف اسلامی ممالک کے سفرا، اور اعلیٰ حکومتی و مذہبی حکام نے شرکت کی۔اس مبارک موقع پر خانہ کعبہ کے اندرونی فرش اور دیواروں کو 40 لیٹر خالص آبِ زم زم اور عرقِ گلاب سے دھویا گیا، جس کے بعد خانہ کعبہ کو اعلیٰ ترین خوشبوؤں، جیسے خالص عود، عنبر، اور قیمتی عطر سے معطر کیا گیا۔
شرکائے تقریب نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور دعاؤں میں امت مسلمہ کی سلامتی، اتحاد، فلاح و بہبود، اور عالم اسلام میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اس مقدس لمحے کو دیکھنے کے لیے زائرین کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں موجود تھی۔ انہوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ تقریب کا مشاہدہ کیا اور اس کے مناظر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو گرمادیا۔یاد رہے کہ خانہ کعبہ کو سال میں ایک بار روایتی انداز سے غسل دیا جاتا ہے، جو اسلامی تہذیب، محبت اور تقدس کی علامت ہے۔