سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا سالانہ 774واں عرس مبارک شروع ہو گیا ہے۔
عرس کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح گورنر سندھ کامران ٹیسوری مزار قلندر پر حاضری دے کر کریں گے۔پنجاب سمیت ملک کے چاروں صوبوں سے لاکھوں زائرین سیہون پہنچ گئے ہیں اور شہر کی گلیوں میں "دمادم مست قلندر" کے نعروں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ زائرین چادریں لے کر دھمالیں ڈال کر مزار پر حاضری دے رہے ہیں اور عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
سیہون میں زائرین کی سہولت کے لیے پانی کی سبیلیں اور میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ آج شام سندھ کی روایتی ثقافت ملاکھڑے کے دلچسپ مقابلے بھی منعقد ہوں گے، جبکہ رات کو شہباز آڈیٹوریم ہال میں سگھڑن جی کچہری کا زبردست پروگرام ہوگا۔عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزار قلندر اور سیہون شہر میں 6 ہزار پولیس اور 300 رینجرز اہلکار تعینات ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی جاری ہے۔