کراچی(خصوصی رپورٹ)کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب کھلے نالے میں گرکر لاپتہ ہونے والے کمسن بچے کو بچانے کی کوشش کرنے والا نوجوان بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔تفصیل کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود کے علاقے مچھر کالونی میں واقع نور اسلام مسجد کے قریب کھیلتے ہوئے کم سن بچہ کھلے نالے میں گر کر ڈوب گیا، بچے کو بچانے کے لئے نالے میں کودنے والا نوجوان بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔بچے کو بچانے کیلئے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ گلاب ولد منظور کے نام سے ہوئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔لاپتہ بچے کی شناخت چار سالہ شاویز ولد جاوید کے نام سے ہوئی جس کی تلاش کے لیے ریسکیو اہلکار نالے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ایس ایچ او تھانہ سہراب گوٹھ گل بیگ پنجیرو نے بتایا کہ 4 سالہ شاویز سائیکل چلا رہا تھا کہ اچانک سائیکل سمیت نالے میں گر گیا، موقع پر موجود نوجوان راہگیر نے بچے کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے نالے میں چھلانگ لگادی اور وہ خود بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔